اللہ کا کم سے کم حق جو تم پر عائد ہوتا ہے یہ ہے کہ اس کی نعمتوں سے گناہوں میں مدد نہ لو۔
کفران نعمت وناسپاسی کے چنددرجے ہیں۔پہلا درجہ یہ ہے کہ انسان نعمت ہی کی تشخیص نہ کرسکے ‘جیسے آنکھوں کی روشنی ‘زبان کی گویائی ،کانوں کی شنوائی اور ہاتھ پیروں کی حرکت کو، یہ سب اللہ کی بخشی ہوئی نعمتیں ہیں۔مگر بہت سے لوگوں کو ان کے نعمت ہونے کا احساس ہی نہیں ہوتا کہ ان میں شکر گزاری کا جذبہ پیدا ہو۔دوسرا درجہ یہ ہے کہ نعمت کو دیکھے اور سمجھے۔مگر اس کے مقابلہ میں شکر بجا نہ لائے۔ تیسرادرجہ یہ ہے کہ نعمت بخشنے والے کی مخالفت و نافرمانی کرے۔چوتھا درجہ یہ ہے کہ اسی کی دی ہوئی نعمتوں کو اطاعت وبندگی میں صرف کر نے کے بجائے اس کی معصیت و نافرمانی میں صرف کرے یہ کفران نعمت کا سب سے بڑ ا درجہ ہے۔